حیدرآباد کے پرانے شہر میں کل رات دیر بارش کی وجہ سے ایک مکان منہدم ہوگیا جس کی زد میں آنے سے دو خواتین ہلاک اور دیگر 5 افراد زخمی ہوگئے۔
حیدرآباد میں مکان منہدم، 2 خواتین ہلاک پولیس کے مطابق مکان میں 7 افراد موجود تھے جبکہ 5 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جو زیرعلاج ہیں۔
مکان منہدم ہونے کی اطلاع کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ بعدازاں مکان کے دیگر حصہ کو بھی منہدم کردیا گیا۔
حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 2 خواتین ہلاک ہوگئیں جبکہ دیگر 5 ارکان زخمی ہوگئے۔ مہلوک خواتین کی شناخت پروین بیگم اور انیس بیگم کے طور پر کی گئی ہے، تاہم زخمیوں میں محمد خان، پروین بیگم، عظمت خان، فرح بیگم اور حسین خان شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسریٰ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی رکن اسمبلی ممتاز احمد خان اور مجلس کے کونسلر نے جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ رکن اسمبلی نے متاثرہ خاندان کو ایکس گریشیا دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ حیدرآباد میں گذشتہ 2 روز سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔