چنئی: تمل ناڈو میں شدید بارش کی وجہ سے افراتفری کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ ہر طرف پانی پانی نظر آرہا ہے۔ دریں اثنا، جنوب مغرب اور ملحقہ مغربی وسطی خلیج بنگال پر ہوا کا کم دباو شمالی تمل ناڈو اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔
ہوا کا یہ کم دباؤ چنئی سے تقریباً 340 کلومیٹر دور جنوب مشرق میں اور پڈوچیری سے 300 کلومیٹر کے فاصلے پرمرکوز ہے۔ جو جمعرات کو شمالی تمل ناڈو کے ساحل پر پہنچے گا۔ اگلے 12 گھنٹوں میں اس میں شدت آنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اس کی کم سے کم مقدار میں تیزی سے تبدیلی آئی توبہت زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات سے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران چنئی، تروولور، کانچی پورم، چنگلپیٹ، کڈالور اور وِلو پورم اضلاع میں انتہائی تیز بارش ہوسکتی ہے۔
چنئی اور پانچ اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کو راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی 20 رکنی ٹیم تروولور ضلع میں تعینات کی گئی ہے۔