سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں واقع ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) میں ریاستی پولیس کے انسپکٹر مسرور احمد وانی کو خراج پیش کرتے ہوئے گلباری کی تقریب منعقد کی گئی۔ سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں زخمی ہونے کے ایک ماہ سے زائد عرصے کے بعد جمعرات کو مسرور وانی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہوگئے۔ پولیس انسپکٹر کی گلباری تقریب میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) وجے کمار، انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی، ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری اور کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن اطہر عامر خان سمیت اعلیٰ پولیس، سیول افسران اور وانی کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔ انہوں نے نم آنکھوں کے ساتھ وانی کے تابوت پر پھول چڑھائے۔
مسرور وانی جمعرات کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دہلی کے ایمز میں دم توڑ گئے۔ انہوں محض ایک دن قبل ہی بذریعہ طیارہ سرینگر سے دہلی ریفر کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ وانی کو 29 اکتوبر کو سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں اُس وقت عسکریت پسندوں نے نزدیک سے گولی ماری جب وہ کرکٹ کھیل رہے تھے۔ زخمی ہونے کے بعد انہیں سکمز صورہ منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں سے انہیں ایک نجی اسپتال میں بھرتی کیا گیا تھا۔