سرینگر :دنیا بھر میں اپنی حیرت انگیز فٹبال کرتب کے لیے مشہور فری سٹائل فٹ بالر جوڑی اگوسکا اور پٹرک بوور اس وقت جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں ہیں۔ دونوں نے اپنے حیرت انگیز ہنر کا مظاہرہ کرکے شائقین کے دل موہ لئے۔جہاں پٹرک چار بار عالمی ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں وہیں اُن کی فری اسٹائل ساتھی اگوسکا پانچ بار ورلڈ چیمپیئن اور دو بار یوروپیئن چیمپئن بن چکی ہیں۔ اس کے علاوہ اگسکا گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنا نام درج کرا چکی ہیں۔
پیر کے روز شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے اور تاریخی گھنٹہ گھر کے نزدیک معروف فری اسٹائل فٹ بالر اگوسکا اور پٹرک نے اپنے ہنر دکھا کر سامعین کے دل جیت لئے۔نامور فری سٹائل فٹ بالروں نے اپنے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرکے وہاں پر موجود فٹبال شائقین کے سامنے کرتب بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں حیرت میں ڈال دیا۔
اس موقع پر فٹبال شائقین نے کہا کہ اگوسکا اور پٹرک نے فٹبال کے ساتھ جو کرتب بازی کا مظاہرہ کیا اس سے وہاں موجود لوگوں پر سحر طاری ہو گیا۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے بعد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ فلم ستاروں اورنامور کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری ہے۔