عالمی بینک نے جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کو صحت کے بنیادی ڈھانچے کے استحکام کے لئے 50 ملین امریکی ڈالر بطور امداد فراہم کرنے کو منظوری دی ہے۔
یونین ٹریٹری کے فائنانشل کمشنر برائے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتل ڈلو نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں موجودہ ہیلتھ کیئر اداروں کے استحکام کے لئے عالمی بینک کی طرف رجوع کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا: 'عالمی بینک نے 50 ملین امریکی ڈالرز (367 کروڑ 49 لاکھ روپے) بطور امداد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے'۔
ان کا کہنا تھا: 'اس امداد کو بڑے ہسپتالوں بشمول میڈیکل کالجوں میں سی ٹی اسکین مشینوں، کلر ڈوپلرس، آئی سی یو یونٹس، آپریشن تھیٹرز و دیگر لیبارٹریوں کے استحکام اور ضلع ہسپتالوں میں بھی ضروری مشینوں جیسے ای سی جی مشینوں، ایکس رے مشینوں وغیرہ کے نظام کو مضبوط کرنے کے لئے منظور کیا گیا ہے'۔
ڈلو نے کہا کہ پرائم منسٹرس ڈیولوپمنٹ پیکیج (پی ایم ڈی پی) اسکیم کے تحت جموں و کشمیر کے شعبہ صحت کو 881 کروڑ 17 لاکھ روپے واگذار کئے گئے جس میں سے اب تک 754 کروڑ 13 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت 140 نئے صحت پروجیکٹس زیر دست لئے گئے جن میں سے 91 پروجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر 49 پر کام چل رہا ہے اور وہ رواں مالی سال کے دوران کے دوران مکمل ہونے کا امکان ہے۔
موصوف کمشنر نے کہا کہ ان پروجیکٹس میں سری نگر میں تعمیر ہو رہا پانچ سو بستروں پر مشتمل نیا بچہ ہسپتال، جموں میں تعمیر ہو رہا دو سو بستروں پر مشتمل نیا زچگی ہسپتال، جموں میں ہی تعمیر ہونے والا نیا ہڈیوں کا ہسپتال، گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ایک سو بستروں پر مشتمل اضافی ایمرجنسی بلاک، جموں میں بائز اینڈ گرلز ہوسٹل کی تعمیر، گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں نرسنگ کالج کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں'۔