سرینگر:جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے جو زمین لوگوں سے خالی کرائی جارہی ہے اس میں ایک انچ بھی کسی غیر مقامی فرد کو سپرد کرنے پر اپنی پارٹی اجازت نہیں دے گی۔
سرینگر میں پریس کانفرنس میں الطاف بخاری نے کہا کہ زمین کو واپس لینے کے معاملے پر انہوں نے ایل جی منوج سنہا اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور اس معاملے ہر نظر ثانی کرنی کی اپیل کی۔ الطاف بخاری نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ سرکاری زمین پر بڑے پیمانے پر قبضہ کرنے والے کے خلاف کارروائی کرکے اس زمین کو واپس لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ سے انہوں نے اپیل کی کہ اس پر بھی "حساب سے کارروائی کی جائے۔
انہوں ے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے سرکاری زمین کی بازیابی کے لیے جو ان دنوں انہدامی مہم جاری ہے اس میں غریب لوگوں کو استثنیٰ رکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جموں و کشمیر میں سرکاری زمین کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا ہے ،ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے، لیکن جو لوگ پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں اس مہم سے باہر رکھنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جموں کشمیر انتظامیہ نے سرکاری زمین، کاہچرائی اور روشنی لینڈ پر قبضہ ہٹانے کی مہم شروع کی ہے جس میں ہر ضلع میں ہزاروں کنال زمین سے قبضہ ہٹایا گیا ہے۔ اگرچہ سیاسی جماعتوں اور عوام نے انتظامیہ سے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاہم ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ اثر رسوخ رکھنے والے افراد سے زمین واپس لی جائے گی اور غریب عوام سے چھیڑا نہیں جائے گا۔ تاہم عام لوگوں کا کہنا ہے انتظامیہ ان کے قبضے سے زمین واپس لیا جارہا ہے جبکہ اثر رسوخ والے افراد کو ابھی تک چھیڑا نہیں گیا ہے۔