جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے مختلف محکموں میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی تنخواہیں واگذار نہ کیے جانے پر زبردست تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باقاعدگی کے ساتھ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا حکومت کا فرض ہوتا ہے تاکہ ان ملازمین کو اپنے کنبوں کی کفالت میں کسی بھی قسم کی مشکلات نہ آئے لیکن جموں و کشمیر میں حکام نے عارضی ملازمین کو ماہانہ مشاہروں سے مسلسل محروم رکھ کر انہیں مختلف نوعیت کی پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے۔
پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 12 محکموں کے 61 ہزار عارضی ملازمین 6 سے 18 ماہ سے مشاہروں سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ملازمین میں سے بیشتر ایسے ہیں جو کورونا وائرس سے پیدا شدہ چیلنجوں کے بیچ زمینی سطح پر کام کر کے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہیں تنخواہوں سے محروم رکھا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ سے قبل تنخواہ ادا کرنے کی اپیل
ترجمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ان عارضی ملازمین کو اضافہ الاﺅنس ملنا چاہئے لیکن ان کی بنیادی تنخواہ بھی ادا نہیں کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر سے لے کر بڑے بڑے عہدوں پر فائز لوگوں نے عارضی ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق یقین دہانیاں کرائیں لیکن یہ یقین دہانی ذرائع ابلاغ تک ہی محدود رہیں۔