سرینگر (جموں کشمیر) : صوبائی کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری، کا کہنا ہے کہ کشمیر سرمائی زون کے تمام اسکولوں کے لئے سرمائی تعطیلات کا اعلان آج یا کل کیا جا سکتا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ سرمائی تعطیلات کا اعلان مرحلہ وار بنیادوں پر کیا جائے گا۔ صوبائی کمشنر نے بدھ کے روز کہا کہ ’’وادی کشمیر میں موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ، اسکولی تعطیلات پر غور و خوض کر رہی ہے اور اس حوالے سے سرمائی تعطیلات کا اعلان آج یا کل تک متوقع ہے۔ ایسے میں کشمیر کے سرمائی زون کے لیے تعطیلات کا اعلان مرحلہ وار بنیاد پر کیا جائے گا، جس میں پہلے پرائمری، مڈل سطح اور پھر ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے لئے سرمائی تعیطلات کی جائیں گی۔‘‘
حال ہی میں محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ڈائریکڑ اسکول ایجوکیشن کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں والدین کی تجاویز کی جانب سے سرمائی تعطیلات کا جلد از جلد اعلان کرنے کے لیے معاملہ پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا گیا۔