اردو

urdu

ETV Bharat / state

'جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے لڑیں گے' - JK former CM

عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے پُرعزم ہیں اور یہ جماعت یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی، فارغ البالی اور تعمیر و ترقی میں اپنا رول نبھاتی رہے گی۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ

By

Published : Mar 22, 2021, 9:55 PM IST

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھارت اور اور پاکستان کے درمیان تناﺅ کی کمی کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے جس طرح سے سرحدوں پر تناﺅ ختم کرنے کے لئے فائربندی عمل میں لائی اور جس طرح سے دونوں ممالک کی طرف سے مثبت بیانات سامنے آ رہے ہیں، اُمید ہے کہ دونوں ممالک آپنی رنجشوں اور تلخیوں کو ترک کر کے تمام مسائل پر بات چیت کی میز پر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حامی رہی ہے اور ہمیشہ اچھے رشتوں کی وکالت کرتی آئی ہے۔

ان باتوں کا اظہار عمر عبداللہ نے پیر کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز پر صوبہ کشمیر کے صوبائی سطح کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے علاوہ سینئر پارٹی لیڈران، زون صدور، ضلع صدور، انچارج حلقہ جات اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے پُرعزم ہیں اور یہ جماعت یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی، فارغ البالی اور تعمیر و ترقی میں اپنا رول نبھاتی رہے گی۔

این سی ترجمان کے مطابق طویل اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور، لوگوں کے مسائل و مشکلات، یوتھ ونگ کی تنظیم نو اور پارٹی ممبرشپ کے معاملات زیر بحث آئے۔

عمر عبداللہ نے اجلاس کے دوران مزید کہا ہے کہ ہمیں اللہ پر بھروسہ ہے اور اس بات سے مطمئن ہیں کہ ہمیں تینوں خطوں کے عوام کا تعاون، اشتراک اور پشت پناہی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا: 'حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں نے جس طرح نیشنل کانفرنس کو اپنا تعاون اور اشتراک دیا وہ حوصلہ افزا ہے اور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نیشنل کانفرنس یہاں کے عوام کی ہردلعزیز جماعت ہے'۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم آج بھی اپنے قول و فعل پر قائم ہیں اور عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے برسرجہد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کو دوام بخشنے کے لیے بیش بہا قربانیاں پیش کیں اور گزشتہ 30 سال کے دوران ہم نے بہت کچھ سہا ہے لیکن عوام نے اپنے اشتراک سے اس جماعت کو ہر امتحان میں سرخرو کیا۔

عمر نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ممبرشپ کو گھر گھر پہنچائے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور تنظیمی کی تمام اکائیوں کی مضبوطی کے لئے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہل والے جھنڈے کے خلاف ماضی میں بھی سازشیں ہوئیں، اس وقت بھی ہو رہی ہیں اور مستقبل میں بھی ہوتی رہیں گے لیکن ہمیں ثابت قدم رہ کر آپس میں اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کر کے سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details