وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ درج ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ایک پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران برف باری یا بھاری بارشیں ہو سکتی ہیں۔
محکمے کے ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 22 فروری کی شام سے ہی موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث موسم 28 فروری تک خراب رہے گا جس دوران برف باری یا بھاری بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وادی میں 25 اور 26 فروری کو برف باری یا بھاری بارشوں کے باعث فضائی ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔
ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ درج ہوا ہے اور وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں 75 روز بعد شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے۔
مزید پڑھیں؛جموں و کشمیر میں کووڈ کیسز میں اضافہ
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ہے۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بتا دیں کہ سری نگر میں رواں برس کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
قبل ازیں سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کا تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں؛'عسکریت پسندی کو ختم کرنے کے لئے پاکستان سے بات کرنی ضروری'
دریں اثنا وادی میں پیر کے روز موسم دن بھر خشک مگر ابر آلود رہا جس سے لوگوں کو قدرے سردی محسوس ہوئی۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں منفی 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔