سرینگر:وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل معمول سے کم درج ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 12 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد سہ پہر بارشوں کے مختصر مرحلے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران درجہ حرارت میں اضافہ درج ہونے سے گرمی بھی بڑھ جائے گی۔ ادھر، وادی میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل معمول سے نیچے درج ہو رہا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام جنوبی کشمیر کے پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔