جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے سبکدوش ہو چکے انجینئرز کو محکمہ دیہی ترقی میں عارضی بنیادوں پر نوکری فراہم کرنے کے فیصلے کی تنقید کرتے ہوئے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس حکمنامے کو واپس لینے کی اپیل کی ہے۔
الطاف بخاری نے کہا کہ جموں و کشمیر میں چار لاکھ کے قریب انجینئرنگ ڈگری یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں جن کو روزگار فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے نہ کی سبکدوش اور عمر رسیدہ ہوئے انجینئرز کو۔
انکا کہنا تھا کہ ’’کشمیر میں نجی سیکٹر میں انجینئرنگ ڈگری یافتہ نوجوان معمولی اجرتوں پر کام کر رہے ہیں جو یومیہ مزدور سے بھی کم ہے، لہٰذا وقت کی ضرورت ہے کہ انتظامیہ ان بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرے۔‘‘