جموں کشمیر پولیس نے بدھ کے روز دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس کے جعلی منفی ٹیسٹ تیار کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق گزشتہ روز پولیس اسٹیشن کوٹھی باغ کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی، شکایت میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک کنبہ کا ایک ضروری کام سے جموں جانے کا ارادہ تھا۔ جس کے پیش نظر کنبہ کے ایک فرد نے سرینگر کے ٹورسٹ رسپشن سینٹر کے نزدیک ٹیکسی ڈرائیور سے سفر کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔ ان کا کہنا تھا کی انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو بتا دیا تھا کہ انہوں نے ابھی تک اپنی کوڈ جانچ نہیں کرائی ہے۔
کورونا کی جعلی منفی رپورٹ تیار کرنے والے دو ڈرائیور گرفتار بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ڈرائیوروں نے کنبے سے ان کے آدھار کارڈ حاصل کیے اور اگلے پندرہ منٹ میں کورونا وائرس منفی رپورٹ مہیا کر دیے گئے۔ حیرانگی کی بات تھی کی کنبے کے کسی بھی فرد سے نمونے حاصل نہیں کیے گئے۔ انہوں نے فوری طور پولیس سے رابطہ قائم کیا۔‘‘
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ’’شکایت کی بنیاد پر پولیس کی ٹیم نے معاملہ درج کرکے کارروائی عمل میں لائی اور جموں کے رہنے والے اوم کار سنگھ اور سرینگر کے رہنے والے نذیر احمد کھانڈے کو گرفتار کر لیا گیا۔‘‘
جموں و کشمیر پولیس نے دونوں ڈرائیوروں کی گاڑیاں بھی ضبط کر لی ہیں اور پولیس کے مطابق ان کی تحویل سے کووڈ منفی جعلی رپورٹس بھی بر آمد کی گئی ہیں۔