سرینگر (جموں کشمیر) :پیس پروگرام کے تحت پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ آف منیمل ایکسیس اور جنرل سرجری، گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر میں ایڈوانس لیپروسکوپک ہرنیا سے متعلق دو روزہ پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جس میں نہ صرف یہاں کے ڈاکٹرز بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے کئی ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی۔ دو روزہ پروگرام میں ڈاکٹرز کو ایڈوانس لیپروسکوپک کے ذریعے ہرنیا بیماری کے علاج کے حوالے سے جانکاری فراہم کی گئی اور انہیں آپریش تھیٹر میں لیپروسکوپک طریقہ کار کی مکمل تربیت بھی دی گئی۔ یہ پہلا ایسا موقع ہے کہ جی ایم سی سرینگر میں ایڈوانس لیپروسکوپک ہرنیا سرجری کی جانکاری کے لیے باہر کے ڈاکٹرز کو مدعو کیا گیا تھا۔ ایسے میں باہر سے آئے ڈاکٹروں نے بھی اس جانکاری پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ لیپروسکوپک سرجری میں جی ایم سی سرینگر کافی آگے ہے اور اس پروگرام کے توسط سے ہمیں بھی کافی سیکھنے کو ملا۔
اس موقعے پر جی ایم سی سرینگر کے شعبہ منیمل ایکسیس اور جنرل سرجری کے پروفیسر اینڈ ہیڈ ڈاکٹر اقبال سلیم نے کہا کہ مجموعی طور 16 فیصد آبادی میں ہرنیا پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دو دنوں کے دوران ڈاکٹرز کو الگ الگ قسم کے ہرنیہ تکالیف کی سرجریز کا مشاہدہ کرایا گیا تاکہ آگے جاکے بنا کسی پیچیدگی کے لیپروسکوپک سرجریز انجام دی جا سکے۔