سرینگر (جموں کشمیر) :انڈور اسٹیڈیم، سرینگر میں ہفتے کو ’’کھیلو انڈیا پنچک سلاٹ خواتین لیگ‘‘ کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے مہان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ دو روز تک جاری رہنے والی اس لیگ میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے الگ الگ زمرے کے تقریباََ 3 سو کھلاڑی حصے لے رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق قومی کھیل ہفتے کے تحت اس ’’خواتین پنچک سلاٹ لیگ‘‘ انعقاد عمل میں لیا گیا ہے۔ ایسے میں لیگ کے پہلے روز الگ الگ زمرے میں کئی مقابلے منعقد ہوئے۔ اور انڈور اسٹیڈیم میں ان مقابلوں کے دوران نہ صرف کھلاڑیوں کے والدین موجود تھے بلکہ شائقین کی بھی اچھی خاصی تعداد کھیل مقابلہ دیکھنے کے لئے آئی تھی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی، ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ ’’جموں وکشمیر میں لڑکیاں اب کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں، تعلیم ہو یا صحت، فن ہو یا ٹیکنالوجی، ادب ہو یا کھیل کود، ہر ایک شعبہ میں یہاں کے ہونہار نوجوان نے اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ ایسے میں کھیل کے میدانوں میں جموں وکشمیر کے نوجوان خاص کر لڑکیاں کسی سے بھی کم نہیں۔ وہیں، قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھیل مقابلے یہاں کے کھلاڑیوں نے نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ ملک کا نام بھی روشن کیا ہے۔