سرینگر: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح دس گھنٹوں کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کر دی گئی۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ تیز بارشوں کی وجہ سے قومی شاہراہ پر شالگڈی بانہال کے نزدیک مٹی کے تودے اور پتھر گر آئے جس کی وجہ سے شاہراہ کو بدھ کی رات قریب ساڑھے دس بجے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر قریب تین سو گاڑیاں درماندہ ہوئیں اور شاہراہ سے ملبے کو صاف کرنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا۔جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے جمعرات کی صبح ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ پر شالگڈی کے مقام پر پڑےملبے کو صاف کیا گیا ہے اور درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔