جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2381 نئے معاملات سامنے آئے ہیں نیز اس وبا سے متاثر 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ جموں و کشمیر میں رواں برس کسی ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ معاملات اور اموات ہیں۔
دریں اثنا انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں سبھی پیڈ پبلک پارکس کو اگلے احکامات تک بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ ایگزیکیوٹیو کمیٹی نے جموں و کشمیر میں موجودہ کووڈ صورتحال کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعہ 24 کے تحت تمام پیڈ پبلک پارکس کو اگلے احکامات تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان احکامات کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔
ایک سرکاری ترجمان نے کورونا کی صورتحال کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2381 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 1533 کا تعلق کشمیر صوبے سے اور 848 کا تعلق جموں صوبے سے ہیں اور اس طرح اب تک سامنے آنے والے مثبت معاملات کی تعداد 1,60,755 تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی مدت کے دوران 21 کووڈ مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے جن میں 11 کا تعلق صوبہ جموں اور 10 کا تعلق کشمیر صوبہ سے ہیں۔