سری نگر: جموں وکشمیر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں۔ جہاں دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات فوجیوں کو الرٹ حالت میں رکھا گیا ہے، وہیں میدانی علاقوں میں جنگجووں کی سرگرمیوں پر بریک لگانے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ گذشتہ قریب دو ہفتوں سے جاری ہے۔دونوں دارالحکومتوں میں ہونے والی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
شہر سری نگر میں جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں نہ صرف ہر آنے جانے والی گاڑی بالخصوص دوپہیہ گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی ہے، بلکہ ان میں سوار افراد کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ ان سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے کہاکہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی مستعد ہیں اور دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے اہل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا 'سیکورٹی کو ہر سال 26 جنوری کے موقع پر ہائی الرٹ پر رکھا جاتا ہے۔ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔