سرینگر: جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو کہا کہ اس نے سرینگر میں ٹریفک بوتھ کو توڑنے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکاروں پر حملہ کرنے کے الزام میں تین ایس ایم سی ملازمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سرینگر پولیس نے ایک ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ’ سرینگر میں ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کی پادائش میں ایس ایم سی کے ایک عہدیدار کے خلاف چالان کاٹا گیا تاہم سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ملازم نے دیگر ملازمین کے ہمراہ ٹریفک بوتھ کو منہدم کیا اور بعد ازاں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے شیر گڑھی پولیس تھانے میں تین ایس ایم سی ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔اس معاملے پر ایک اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے، ایک سینیئر پولیس افسر نے کہاکہ تینوں ملزمان کو قانونی کارروائیوں کے بعد اس کیس میں باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تینوں نے ہنگامہ کرنے کے بعد ٹریفک اہلکاروں کو ایک کار میں اغوا بھی کیا تھا۔"