مرکز کے زیر انتظام جموںوکشمیر میں پنچایتی راج اداروں کے ذریعے گرام پنچایتوں کی سماجی و اقتصادی ترقی، بچوں کے لیے موافق و موثر اقدامات اٹھانے اور پنچایتی سطح پر گرام پنچایت ڈیولپمنٹ منصوبہ جات تشکیل دینے اور انہیں عملانے کے لئے تین قومی ایوارڈوں سے نوازا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ مرکزی وزارت برائے پنچایتی راج نے ملک بھر میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سلسلے میں پنچایتی اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے عطا کیے۔
انعام حاصل کرنے والی پنچایتوں میں صوبہ جموں میں ضلع راجوری کی جمولا اور ڈانگری پنچایت اور صوبہ کشمیر میں ضلع بارہمولہ کی زلورہ (بی) پنچایت شامل ہیں۔
اِن پنچایتوں کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی سیکرٹری شیتل نندا نے دیگر پنچایتوں سے تاکید کی ہے کہ وہ بھی دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد کو بہتر سہولیات فراہم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے وضع کی گئی اسکیموں سے مستفید کرائیں۔
اُنہوں نے پنچایت جمولا سرپنچ کے نثار احمد، ڈانگری پنچایت کے دھیرج کمار اور زلورہ (بی) کے سرپنچ غلام احمد لون کو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔
شیتل نندا نے اِس سلسلے میں ضلع پنچایت آفیسر راجوری عبدالکبیر اور ضلع پنچایت آفیسر بارہمولہ یار علی کی اُن کوششوں کو بھی سراہا جن کی بدولت یہ ایوارڈ جموںوکشمیر کو حاصل ہوئے۔