جموں و کشمیر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کنٹرول لائن پرکشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے پرزور دیا ہے تاکہ سرحدی مکینوں کو راحت ملے۔
بخاری پارٹی دفتر لال چوک سری نگر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں سری نگر، گاندربل اور کپواڑہ اضلاع سے نامور سیاسی کارکنان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
اپنی پارٹی صدر نے کہا کہ اوڑی، کیرن، دوار، نوگام اور جنوبی کشمیر کے دیگر سرحدی علاقہ جات میں سرحد پارشلنگ کی وجہ سے بھاری جانی ومالی نقصان ہوا اور سرحدی مکین سخت پریشان حال ہیں۔
بخاری نے کہا کہ دو پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات میں تلخیوں کے سب سے زیادہ متاثرین سرحدی مکین ہیں اور حکومت ہند کو ان کے جانی و مالی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پختہ بینکروں کی تعمیر میں سرعت لانے کے ساتھ ساتھ دیگر ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیے۔