سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر میں انتخابات کے حوالہ سے جاری تعطل کے بیچ مرکز کے زیر انتظام خطہ کے چیف الیکٹورل آفیسر، پنڈورانگ پولے کی جانب سے جموں و کشمیر کے لیے انتخابی فہرست (ووٹر لسٹ) چھاپنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ اس ٹینڈر میں درخواست گزاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 180 روز کے اندر اپنی درخواستیں gem پورٹل کے ذریعے جمع کریں۔
ٹینڈر کے شرائط میں ’’جموں و کشمیر کی تمام اسمبلی نشستوں کے لیے فوٹو انتخابی فہرست کی پرنٹنگ‘‘ بھی درج ہے۔ انتخابی فہرستوں کے مسودے اور حتمی اشاعت کی شکل میں تمام حلقوں کے لئے چھاپے جانے والی انتخابی فہرستوں کی سیٹوں کی عارضی تعداد 7,73,160 ہوگی۔ یہ کام ایک طے شدہ مدت میں مکمل کرنا ہوگا اس لیے درخواست گزار کے پاس چھپائی کے لیے ایک وسیع بنیادی ڈھانچہ ہونا چاہیے۔ درخواست منظور ہونے اور پی ڈی ایف کو منظور کیے جانے کے بعد درخواست گزار کو دس روز کے اندر تمام دستاویز جمع کرنے ہونگے۔ اور اگر اس دوران انتخابات کا اعلان ہوتا ہے تو سات دن کے اندر فہرست جمع کرنی ہوگی۔
ادھر، جب ای ٹی وی بھارت نے اس حوالے سے پی کے پولے سے فون پر بات کی تو اُن کا کہنا تھا کہ ’’یہ معمول کا کام ہے۔ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے حتمی فیصلہ بھارت کے چیف الیکشن آفیسر لے گے۔‘‘ وہیں جموں و کشمیر انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’انتخابات منعقد کروانا ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ لیکن صورتِحال میں کافی بہتری آئی ہے۔‘‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’رواں مہینے کے آخری ہفتے میں وزیر داخلہ کی صدارت میں جموں و کشمیر کی صورتِحال کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس ہونا متوقع ہے۔ اس اجلاس کے دوران کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ہمیں اُمید ہے کہ اس اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کوئی فیصلہ لے سکتا ہے۔‘‘