جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرونز مانیٹرنگ کے ذریعے کئی مقامات بشمول قومی شاہراہ پر پہلے ہی سیکورٹی کو یقینی بنایا جار ہا ہے۔
موصوف نے ضلع پولیس لائنز سری نگر میں بدھ کے روز منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر ایک نامہ نگار کی طرف سے قومی شاہراہ پر پانچ اکتوبر کو ہونے والے حملے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا: 'اس حملے میں ہمیں کچھ ثبوت ملے ہیں جن پر پولیس کام کر رہی ہے اور اس کا بھی جلد ہی حساب لیا جائے گا'۔
انہوں نے کہا کہ ملی ٹنسی کے باعث قومی شاہراہ پر اس قسم کی وارداتوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔ ہائی وے پر حملہ ہوتا ہے تو اس کا جواب بھی دیا جاتا ہے۔