حکومت جموں و کشمیر نے کووڈ 19 کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے لائے جا رہے یو ٹی کے رہنے والوں کو بذریعہ ریل آمد کو ہری جھنڈی دکھائی ہے ۔
یو ٹی میں داخل ہونے والی ریل گاڑیاں مسافروں کو اودھمپور ریل سٹیشن پر چھوڑیں گی اور پہلی ریل گاڑی کی آمد آج متوقع ہے ۔
ایسے افراد کی بذریعہ ریل وطن واپسی کیلئے مفصل انتظامات کئے گئے ہیں، حکام نے پروٹوکول مرتب کئے ہیں اور ان کی ضلع وار واپسی کیلئے ایک جامع لایحہ عمل بھی تیار کیا گیا ہے ۔
ضلع انتظامیہ اودھمپور نے بذریعہ ریل واپس آنے والوں کیلئے فی دن ایک ہزار نمونے حاصل کرنے کی تیاری کی ہے اور تمام مسافروں کو کووڈ 19 کیلئے ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔
انتظامیہ کے مطابق وطن واپس آنے والوں کی رجسٹریشن اور اُن کو اپنے بذریعہ بس اپنی منازل تک پہنچانے کیلئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں ۔
جموں، سانبہ، کٹھوعہ واپس آنے والوں کو جموں بھیجا جائے گا یہاں اُن کے نمونے لیکر انہیں انتظامی کورنٹین میں رکھا جائے گا جبکہ ڈوڈہ، کشتواڑ کے واپس آنے والوں کو ڈوڈہ بھیج کر نمونے حاصل کرنے کے بعد متعلقہ اضلاع میں انتظامی کورنٹین میں رکھا جائے گا ۔ اسی طرح ریاسی، راجوری اور پونچھ واپس آنے والوں کو اُن کے اضلاع بھیج دیا جائے گا اور اُن کے نمونے متعلقہ اضلاع میں لئے جائیں گے اور وہیں انتظامی کورنٹین میں رکھے جائیں گے ۔
اسی طرح رام بن ، اودھمپور واپس آنے والوں کو اودھمپور بھیجا جائے گا یہاں اُن کے نمونے حاصل کئے جائیں گے تا ہم انہیں بالترتیب رام بن اور اودھمپور میں انتظامی کورنٹین میں رکھا جائے گا ۔