سرینگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعے کے روز مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر ناشری ٹنل اور نویاگ ٹنل کے درمیان مرمتی کام جاری رہنے کہ وجہ سے جمعہ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی گاڑیوں کے بغیر کسی بھی چھوٹی یا بڑی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بتادیں کہ ٹریفک پولیس نے اس ضمن میں پہلے ہی ایک بیان جاری کیا تھا جس کے مطابق قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر 10 مارچ کو بھی ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔
اہلیان وادی کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی یہ قومی شاہراہ موسم سرما کے دوران چٹانیں کھسک آنے یا مٹی تودے گرآنے کی وجہ سے اکثر و بیشتر بند رہتی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کا جائزہ لینے کے لیے ورچوئل میٹنگ کی گئی تھی۔ اس شاہراہ کے بند رہنے سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی وادی کے بازاروں میں اشیائے ضروریہ خاص طور پر اشیائے خورد ونوش کی قلت پیدا ہوجاتی ہے اور گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے ہے۔انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں ہوائی کرایہ میں بھی اچانک اضافہ درج ہوتا ہے۔