جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے جھیل ڈل میں اب ٹورسٹ شکاروں کے علاوہ ایمبولینس ناؤ بھی عوام کے لئے موجود ہوگی۔ سماجی کارکن طارق احمد پتلو نے ایک بڑی پہل کے تحت جھیل کے باشندوں کے لئے ایمبولینس ناؤ سروس کا آغاز کیا ہے۔
ڈل جھیل میں ایمبولینس ناؤ کی خدمات! ان کا کہنا ہے کہ 'یہاں کے باشندوں کو ایمبولینس خدمات میسر نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جب بھی کوئی بیمار ہوتا تھا تو ناؤ کا بندوبست کرنے میں کافی وقت لگ جاتا تھا۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'جب میں عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہوا تو کوئی بھی مجھے جھیل کے کنارے تک لے جانے کے لئے تیار نہیں تھا۔ کورونا کا خوف بہت زیادہ تھا۔ پھر متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا، اسی وقت مجھے خیال آیا کہ یہاں کے رہنے والے لوگوں کے لئے ایمبولینس خدمات ہونی چاہیے۔'
ڈل جھیل میں ایمبولینس ناؤ کی خدمات! ناؤ میں مریضوں کے لئے کیا خدمات رکھی گئی ہیں، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ابھی ناؤ پوری طرح سے تیار نہیں ہے۔ آج یا کل میں اس ناؤ میں موٹر نصب کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز سے مشورہ بھی جاری ہے، مجھے امید ہے کہ آنے والے چند دنو میں یہ ناؤ پوری طرح سے تیار ہوگی جس کے بعد مشق کی جائے گی۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ناؤ کا خیال میرا ہے۔ تاہم دہلی کی ایک غیر سرکاری تنظیم ستیا رکھا نے کافی مالی اماؤنٹ فراہم کیا ہے۔ اس ناؤ کی دیکھ ریکھ میں خود کروں گا۔ تاہم علاج کے لئے انتظامیہ سے ڈاکٹرز تعینات کرنے کا مطالبہ بھی کروں گا تاکہ مریضوں کو وقت پر علاج مل سکے۔'