سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف و باراں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 9 اور 10 دسمبر کو میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف باری کا یہ سلسلہ 9 دسمبر کی رات سے شروع ہو کر 10 دسمبر کی رات تک جاری رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں فی الحال 8 دسمبر تک مسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔دریں اثنا وادی میں ٹھٹھرتی سردیوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے۔ Weather Forecast in Kashmir
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔