سری نگر:محکمہ موسمیات کی اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ میں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 24 سے 26 مئی تک میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں بھاری بارشیں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بیچ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بعد دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 20 سے 23 مئی تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا ہی امکان ہے تاہم بعد دوپہر کہیں کہیں بارشوں کا بھی امکان ہے۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 19 سے 23 مئی کے درمیان باغوں کی دو پاشی اور فصل کٹائی کا کام انجام دیں۔ دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔