سری نگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکے درجے کے برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں یکم اور دو مارچ کو میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں تین مارچ سے سات مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں گرچہ گراوٹ درج ہوئی ہے تاہم معمول سے زیادہ ہی درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ کا درجہ حرارت 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام منفی0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔