سرینگر:جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی تحقیقاتی یونٹ (ایس آئی یو) اونتی پورہ نے منگل کے روز چار ملزموں جن میں ایک عسکریت پسند اور دو کمسن بھی شامل ہیں، کے خلاف ایک پولیس افسر کی ہلاکت کے کیس کے سلسلے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک عدالت میں چارج شیٹ پیش کیا۔SIU submitted Charge Sheet against Police Officer Death Case
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایس آئی یو اونتی پورہ نے ایس آئی فاروق احمد ساکن سامبورہ کی ہلاکت کے کیس کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن پامپور میں درج ایف آئی آر کے تحت اویس مشتاق گنائی ولد مشتاق احمد گنائی ساکن سامبورہ اور عسکریت پسند ماجد نذیر (جو البدر جنگجو تنظیم کے ساتھ وابستہ تھا) ولد نذیر احمد وانی ساکن لاڈو پامپور کے خلاف قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے) سرینگر کی ایک عدالت میں چارج شیٹ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دو کمسن ملزموں کے خلاف کورٹ آف جووینائل جسٹس بورڈ پلوامہ میں ایک چالان پیش کیا گیا۔
پولیس کے بیان کے مطابق ’تحقیقات کے دوران کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا اور پھر 24 جون 2022 کو اویس مشتاق گنائی ولد مشتاق احمد گنائی ساکن سامبورہ نامی فرد نے اس جرم کے ارتکاب میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اس کے انکشاف پر دو کمسن لڑکوں کو البدر جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک سرگرم عسکریت پسند ماجد نذیر وانی ولد نذیر احمد وانی ساکن لاڈو پامپور کے ساتھ پولیس افسر فاروق احمد کی ہلاکت میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا‘۔