سرینگر:جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے کہا ہے کہ اگر عید کا چاند 20 اپریل کو نظر آیا تو اس صورت میں عید کے بعد قضا روزہ رکھا جائے گا۔ وہیں شب قدر 17 اپریل کو منائی جائے گی۔
مفتی اعظم کی سربراہی میں سرینگر میں منگل کے روز ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس خصوصی اجلاس میں مولانا آغا سیدالحسن موسوی،مولانا فیاض احمد رضوی ،مسرور انصاری اور دیگر علماء کرام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ جموں و کشمیر میں شب قدر 17 اپریل کو منائی جائے گی اور اگر چاند کی رویت 20 اپریل کو ہوگی اور چاند نظر آنے کی صورت میں عید کے بعد قضا روزے کا اہتمام کیا جائے گا۔
مفتی ناصر الاسلام نے کہا کہ عید کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ علمائے کرام سے مکمل مشاورت کے بعد کیا جائے گا اور اعلان سے پہلے محکمہ موسمیات سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کشمیر میں پہلے روزہ کے تعلق سے تنازعہ کھڑا ہوا ہوا تھا۔جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الالسلام نے اعلان کیا تھا کہ انہیں چاند ملنے کی کہیں سے شہادت نہیں ملی ہے اس لئے جموں و کشمیر میں ماہ صیام کا آغاز 24 مارچ سے ہوگا۔ ان کے اس اعلان کے بعد پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا جس کے بعد کشمیر کی مساجد سے بھی اعلان ہوا کہ ماہ صیام کا آغاز 24 کے بجائے 23 مارچ سے ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مفتی اعظم نے پاکستان کے اعلان سے قبل ہی اپنا فیصلہ صادر کی،ا تاہم اسے عوام نے قبول نہیں کیا۔