سرینگر:سرینگر کے قمرواری علاقے میں آتشزدگی کے واقع میں ایک شہری جھلس کر ہلاک ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح بشیر احمد بابا ولد عبدالغنی بابا کے رہائشی مکان میں اچانک آگ ظاہر ہوئی۔اس اتشزدگی کے نتیجے میں بشیر احمد بابا شدید جھلس گیا اگرچہ مزکورہ شخص کو ایس ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی بروقت کارروائی سے اگرچہ آگ پر قابو پایا لیا گیا اور آگ کو مزید پھیلنے نہیں دیا گیا ہے۔البتہ اس آگ میں نہ صرف مالی بلکہ جانی نقصان بھی ہوا۔
ادھر پولیس نے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے اور معاملے کے تعلق سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔ پولیس نے ایف ایس ایل ٹیم کو بھی موقعے پر بلایا اور آگ لگنے کے اسباب جاننے کی خاطر نمونے بھی حاصل کئے جارہے ہیں۔
وہیں شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے لولاب علاقے میں منگل کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں ایک دو منزلہ مکان خاکستر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کپواڑہ کے ککڈ پتی لولاب علاقے میں منگل کی علی الصبح قریب چار بجے نذیر احمد خان نامی ایک شخص کے دو منزلہ مکان میں آگ لگ گئی۔گرچہ فائر ٹنڈرس اطلاع موصول ہوتے ہی جائے واردات پر پہنچے تاہم آگ کے شعلوں نے مکان کو اپنی لپیٹ میں کر خاکستر کر دیا تھا۔آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔