سرینگر:نے آج جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا۔ انہوں نے یہ اہم عہدہ آئی پی ایس افسر دلباغ سنگھ کی سبکدوشی کے بعد سنبھالا۔ سوین جموں کشمیر پولیس کے 17ویں ڈی جی پی ہوں گے۔ سوین آج سرینگر میں پولیس ہیڈکواٹر میں ڈی جی پی کے عہدے پر فائز ہوئے، جس موقع پر دلباغ سنگھ اور دیگر سینیئر افسران موجود تھے۔پولیس ترجمان کے مطابق سوین کو پولیس ہیڈ کوارٹر میں پولیس دستوں نے 'گارڈ آف آنر' پیش کیا۔
سوین سنہ 1991 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں اور وہ جموں کشمیر میں مختلف اضلاع میں بطور ایس پی فائز رہے تھے۔ سنہ 2006 میں وہ مرکزی سرکار میں ڈیپوٹیشن پر گئے اور پندرہ برسوں کے بعد ان کو سنہ 2020 میں جموں کشمیر میں پولیس کے سی ائی ڈی ونگ کے ای ڈی جی تعینات کیا گیا۔
سوین نے سی آئی ڈی ونگ میں عسکریت پسندی اور اس کے حمایتیوں کے خلاف سخت کارروائی کی۔ سوین نے سٹیٹ انویسٹگیشن ایجنسی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور اس ایجنسی نے جموں کشمیر میں عسکریت پسندوں، کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور ان تنظیموں سے منسلک افراد پر سخت کاروائیاں کی اور ان کے اثاثے ضبط کئے۔
وہیں دلباغ سنگھ جون سنہ 2018 میں ڈی جی پی کے عہدے پر فائز ہوئے تھے اور پانچ برس تک وہ جموں وکشمیر پولیس کی قیادت کرتے رہے۔ پانچ اگست سنہ 2019 کو دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر میں امن بحالی کے لیے دلباغ سنگھ کا اہم کردار رہا۔اس عرصے میں جموں کشمیر میں عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد کو ہلاک کیا گیا جبکہ گزشتہ دو برسوں سے عسکریت پسندوں کی تعداد میں بھی کافی کمی آئی ہے۔ بالخصوص مقامی نوجوانوں کا عسکریت پسندوں کے صفوں میں شامل ہونے میں کافی کمی دیکھی گئی ہے۔