اردو

urdu

ETV Bharat / state

رمضان المبارک: ہوٹلز اس بار پھر کووڈ 19 سے متاثر - قائم کیفے ڈیپولو

سرینگر شہر کے پولو ویو علاقے میں قائم کیفے ڈیپولو کے مالک شاہنواز میاں کا کہنا ہے کہ سنہ 2019 کے دوران ماہ رمضان میں جو چہل پہل تھی وہ آج دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔

ہوٹلز اس بار پھر کووڈ 19 سے متاثر
ہوٹلز اس بار پھر کووڈ 19 سے متاثر

By

Published : Apr 17, 2021, 9:08 PM IST

عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر گذشتہ برس کی طرح امسال بھی ماہ رمضان المبارک میں بازاروں میں روایتی چہل پہل میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ایک طرف جہاں کورونا کے قہر نے اجتماعی عبادت کو نئے طریقے سے ادا کرنے کے لیے مجبور کیا۔ وہیں مقامی ریسٹورینٹ میں اجتماعی سحری اور افطاری میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

سرینگر شہر کے پولو ویو علاقے میں قائم کیفے ڈپولو کے مالک شاہنواز میاں کا کہنا ہے کہ "سنہ 2019 کے دوران ماہ رمضان میں جو چہل پہل تھی وہ آج دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ افطار کے وقت ہمارے ریسٹورنٹ میں کافی چہل پہل ہوا کرتی تھی آج نہیں ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس اور وادی کے ناسازگار موسمی حالات کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں ہی افطار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں'۔

ہوٹلز اس بار پھر کووڈ 19 سے متاثر

ان کا مزید کہنا ہے کہ 'اگرچہ امسال ہم نے کشمیری واظوان کو بھی اپنی مینو میں شامل کیا تھا اور وبا کے خلاف تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں، تاہم زیادہ تر آرڈر ہمیں فون کے ذریعے ہی دستیاب ہو رہے ہیں۔ افطار کا وقت قریب آتے ہی ہمارے پاس آن لائن آرڈر آنا شروع ہوتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آنے والے چند دنوں میں ریسٹورینٹ میں بھی دوبارہ رونق دیکھنے کو ملے گی'۔

کیفے ڈپولو میں روزے داروں کو افطار کے وقت مفت میں شربت اور کھجوریں کھلائی جاتی ہیں۔

وہیں ایریکیورئن کیفے کی مالک واجدہ بانو کا کہنا ہے کہ ان کے ریسٹورنٹ کی جانب سے مقامی کوچنگ سینٹرز میں پڑھنے والے بچے اور دیہات سے نوکری کے لیے آئے نوجوان، سب کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 'اس برکتوں والے مہینے کے دوران جس چیز کی فرمائش کی جاتی ہے۔ وہ میں ان کو بنا کر دیتی ہوں۔ ہوم ڈلیوری بھی کی جاتی ہیں'۔

وہیں دریائے جہلم کے کنارے پر قائم ریسٹورینٹ گڈ فیلس کے مالک سہیل احمد کا کہنا ہے کہ 'گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی ان کے پاس سحری اور افطار کا انتظام ہے۔ مینو میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور کورونا وائرس کے خلاف تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جا رہا ہے'۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ 'ابھی زیادہ لوگ ریسٹورینٹ نہیں آتے ہیں لیکن امید ہے کہ پیر کے روز سے آنا شروع کریں گے۔ گھروں میں کھانا لگاتار ڈلیور کیا جا رہا ہے'۔

قابل ذکر ہے کہ سنہ 2020 میں عالمی وبا کے پیش نظر ماہ رمضان کے دوران بیشتر ریسٹورینٹس بند کر دیے گئے تھے تاہم گڈ فیلس اور شہر کہ چند ریسٹورنٹس کو اجازت کے بعد کھولا گیا تھا۔

ملک بھر میں ایک بار پھر کورونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں بھی کووڈ-19 کیسز میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں ریسٹورینٹ کی جانب سے کھانے کی ہوم ڈلیوری ہی وائرس کے پھیلاو کو روک سکتی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details