سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں بارشیں ہوئیں جن کا سلسلہ 17 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 15 سے 17 جون تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جموں صوبے کے بعض علاقوں جیسے پونچھ، راجوری، ریاسی، سانبہ میں درمیانی درجے سے بھاری بارشیں متوقع ہیں۔ محکمے کا کہنا ہے کہ وادی میں اگلے 5 دنوں تک موسم باغوں کی دوا پاشی کے لئے موزوں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 11.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں 1.8 ملی میٹر، پہلگام میں 23.4 ملی میٹر، کپوارہ میں 1.4 ملی میٹر اور گلمرگ میں 4.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت15.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت16.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔