سری نگر:وادی کشمیر میں موسمی صورتحال دگرگوں ہے جس کے نتیجے میں موسم دن میں کئی روپ بدلتا ہے، کبھی دھوپ تو کبھی گہرے بادل آسمان پر چھا جاتے ہی گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں اور باری ژالہ باری ہوجاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 20 مئی تک کچھ اسی طرح کی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بڑے پیمانے پر بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 15 اور 16 مئی کو موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارشیں بھی ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 17 سے 20 مئی تک بھی کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں بہتری تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا تھا۔