سری نگر:وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 13 سے 17 جون تک موسم جزوی طور ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے بعض علاقوں میں 14 اور 15 جون کو درمیانی سے بھاری بارشوں کا امکان ہے۔ ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 14.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت16.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔