سری نگر:محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ 15 اپریل کو دو قوی مغربی ہوائیں وارد وادی ہونے کا امکان ہے جس سے موسمی حالات اثر انداز ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ہواؤں کی پہلی لہر 16 اپریل کو وادی میں داخل ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں 17 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کی دوسری لہر 18 اپریل کو وارد وادی ہوسکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس لہر کے نتیجے میں ہونے والی بارشوں سے زمین گیلی کے باعث کھلے آسمان تلے نماز عید کی ادائیگی ناممکن ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دن کے درجۂ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران 18 اور 19 اپریل کو میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جب کہ پہاڑی علاوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وادی میں 21 اپریل تک موسمی حالات دگرگوں رہنے کا ہی امکان ہے جس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونے کی توقع ہے۔دریں اثنا وادی میں شبانہ درجۂ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجۂ حرارت سے0.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجۂ حرارت سے1.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔