سری نگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہوائوں کے چلنے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں آج یعنی 7 مئی کی دوپہر یا شام کے بعد کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں اور کہیں کہیں تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 8 مئی کو بھی کئی مقامات پر بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا بعد ازاں وادی میں 9 سے 12 مئی تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے باغ مالکان سے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی تاکید کی ہے جبکہ سیاحوں سے گرم لباس ساتھ رکھنے کو کہا گیا ہے۔سری نگر – جموں قومی شاہراہ اور سری نگر- لیہہ شاہراہ پر سفر کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر اختیار کرنے سے قبل متعقلہ حکام کے ساتھ رابطہ کریں۔ دریں اثنا ناساز گار موسمی حالات کے پیش نظر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گرواٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ کا درجہ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔