سرینگر:جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عالمی یوم شجر کاری کے موقعے پر تینوں خطوں کے عوام سے تلقین کی کہ وہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹی ، مساجد کے صحنوں اور عام شاہراوں کے اردگرد پودے نصب کرنے پر زور دیا۔انہوں نے دیہات میں رہنے والوں لوگوں سے تلقین کی ،کہ وہ شجرکاری کی جاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لےکر زیادہ سے زیادہ پودے اپنے گرد نواح لگائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں درخت لگانے کی اہمیت پر بہت کافی زور دیا گیا ہے اور ہمارے پیر کامل حضرت شیخ العالم شیخ نورالدین نورانیؒ (علمدار کشمیر)نے اپنے کلام میں فرمایا”ان پوش تیلہ یلہ ون پوش“ پر عمل کرکے جنگلات کی حفاظت اور سبز سونے کی دولت کو بڑھاوا دےنے کی طرف توجہ دینا ہر ذی شہری کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے دوران جنگلات کو خاصا نقصان پہنچایا گیا ہے اور اب جنگلات کے ساتھ ساتھ آبی ذخائر بھی سکڑتے جارہے ہیں اور غیر معمولی تبدیلی کے بُرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں شیخ العالمؒ کے ارشاد پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے دوسرے لوگوں کو بھی اِس مہم میں شامل کریں۔