سرینگر:وادی کشمیر میں سرما کے آغاز کے ساتھ ہی جموں کشمیر انتظامیہ نے بجلی کی کٹوتی کا سلسلہ شروع کیا ہے جس سے عام لوگوں کے علاوہ تاجر بھی منفی طور متاثر ہو رہے ہیں۔ جہاں عام لوگوں کو بجلی کی عدم دستیابی سے اندھیرے میں وقت گزارنا پڑ رہا ہے وہیں تجارت سے وابستہ افراد خسارے کا سامنا کر رہے ہیں۔ بڑے صنعتی کارخانوں کے علاوہ وادی کے چھوٹے تجارت پیشہ افراد، جن کا روزگار بجلی پر ہی منحصر ہے، خسارے میں ڈوبتے جا رہے ہیں۔
دارالحکومت سرینگر میں جن تجار کا کاروبار اور روزگار بجلی پر ہی منحصر ہے ان کا کام کاج شدید طور متاثر ہوا ہے۔ سرینگر میں بجلی پر چلنے والے سامان کی مرمت کرنے والے یا بجلی پر چلنے والے آلات تیار والے تاجرین اور مکینک بجلی کی کٹوتی سے دن بھر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہتے ہیں۔ ان دکانوں، چھوٹے کارخانوں میں بجلی پر چلنے والے چھوٹی مشینیں برقی رو کی عدم دستیابی سے ٹھپ پڑی ہوئی ہیں۔ وہیں ان چھوٹے کارخانوں میں کام کرنے والے مزدور بھی کمائی سے محروم ہو رہے ہیں۔