سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرور ٹول پلازہ کو لیکر حکومت کی مسلسل ہٹ دھرمی پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں پر طاقت کے بے جا استعمال اور گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈلیٹک کو چڑوال سے جوڑنے والا ترناہ نالے پر قائم پل ڈھہ جانے کی وجہ سے جموں پٹھانکوٹ ہائے وے پر ٹریفک کا رُخ تبدیل کیا گیا اور اس وقت سرور ٹول پلازہ سے ہائے وے کے ٹریفک کا گزر نہیں ہورہا ہے، ایسے میں ٹول پلازہ سے مقامی آبادی سے رقومات اینٹھنے کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کا ٹول پلازہ کی معطلی کا مطالبہ حق بجانب ہے اور حکومت کو فوری طور پر اس عوامی مطالبے کو تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارروائی اور انتظامیہ کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ میں انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ گرفتار کئے گئے نوجوانوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کیخلاف دائر کئے گئے تمام کیسوں کو منسوخ کیا جائے۔