سرینگر:کشمیر پولیس زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، وجے کمار، نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگ سرینگر کے شہر خاص علاقے یعنی ڈاؤن ٹاؤن جانے سے ڈر رہے تھے لیکن اب سازگار حالات کی وجہ سے صورتحال بدل گئی ہے۔ وجے کمار آج سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مذکورہ تقریب میں وجے کمار مہمان خصوصی تھے۔ یہ کرکٹ ٹورنامنٹ مقامی باشندوں نے اسپورٹس کونسل کی شراکت کے ساتھ منعقد کیا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ غنی میموریل میدان میں منعقد کیا گیا جو شہر خاص کے راجوری کدل علاقے میں واقع ہے۔
یاد رہے کہ شہر خاص سرینگر کے حساس علاقوں میں جانا جاتا تھا جہاں پتھر بازی اور احتجاج کے واقعات معمول بن چکے تھے۔ یہ علاقے علیحدگی پسندوں کی حمایت میں کافی معروف تھے۔ بالخصوص علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین، میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کو ڈاؤن ٹاؤن میں کافی حمایت حاصل ہے۔ میرواعظ ڈاؤن ٹاؤن کے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کے خطیب بھی ہیں۔ تاہم پانچ اگست سنہ 2019 کو دفعہ 370 کی منسوخی سے قبل ہی وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کی طرح ڈاؤن ٹاؤن میں بھی امن و امان کا ماحول ہے اور پتھر بازی کے واقعات کا خاتمہ کیا گیا ہے۔