پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بزرگ علاحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
قابل ذکر ہے کہ سینیئر علاحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی 92سال کی عمر میں گزشتہ روز سرینگر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے ٹویٹ میں سید علی گیلانی کو ’’مجاہد کشمیر‘‘ کے خطاب سے موسوم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ’’بھارتی حکام کے ہاتھوں شدید اذیتیں پہنچائی گئیں اور انہیں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔‘‘
عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: ’’مجاہدِ کشمیر سید علی گیلانی کی رحلت کی اطلاع پاکر بے حد رنجیدہ ہوں کہ عمر بھر اپنے لوگوں اور ان کے حقِ خود ارادیت کے لئے محوِ جدوجہد رہے۔ وہ قابض بھارتی ریاست کے ہاتھوں اسیری و اذیت کا نشانہ تو بنے مگر پوری طرح ثابت قدم رہے۔‘‘
مزید پڑھیں؛کشمیر کے سب سے بڑے علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کا انتقال