دنیا بھر میں آج انسداد منشیات کا عالمی دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں وادی کشمیر میں کئی طرح کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منشیات کے استعمال اور ناجائز اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 'زندگی کے ہر طبقے کو منشیات کی وبا کو ختم کرنے کے لیے اپنا رول ادا کرنا چاہئے'۔ انہوں نے کہا کہ 'لوگ منشیات کے استعمال کے خلاف جنگ میں حکومت کی کوششوں کی تکمیل کریں'۔
ادھر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے آج کے دن کی اہمیت کی نسبت نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'کشمیر میں منشیات کی پھیلتی وبا کے حوالے سے صورت حال تشویشناک ہے کیوں کہ لڑکے ہی نہیں بلکہ لڑکیاں بھی نشے کی لت میں مبتلا ہو رہی ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے 8 اضلاع میں خاص طبی مراکز قائم کيے گئے ہیں جبکہ ہسپتالوں اور دیگر صحت مراکز پر بھی متاثرہ افراد کا علاج کیا جاتا ہے۔