وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ، کوکرناگ میں 6.9، کونی بل مین منفی 8، اونتی پورہ میں 8، اننت ناگ میں منفی 8.3، بانڈی پورہ میں 4.3، سوپور میں 4.1، بڈگام میں منفی 6.9 اور کولگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ ادھر جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کشمیر میں اتوار کے روز بھی موسم صبح سے ہی نہ صرف خشک رہا بلکہ ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی لیکن شدت کی شبانہ سردیوں نے لوگوں کو بے حال کرکے رکھ دیا ہے۔ شدید سردیوں کے باعث وادی کے جملہ آبی ذخائر مسلسل منجمد ہیں اور مساجد و خانقاہوں یہاں تک کہ گھروں میں نصب نل بھی جم گئے ہیں۔
وادی کے شہرہ آفاق جھیل ڈل کی منجمد سطح مزید سنگین ہوگئی ہے اور حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سطح پر چلنے پھرنے یا کھیلنے سے اجتناب کریں۔
متعلقہ محکمہ نے جھیل ڈل کی منجمد سطح پر چلنے پھرنے یا کھیلنے سے لوگوں کو باز رکھنے کے لیے باقاعدہ نفری تعینات کیا ہے۔ متعلقہ محکمے کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 21 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔