سرینگر (جموں و کشمیر):ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری نے منگل کو عوام سے پٹرول پمپوں پر رش نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہ اپیل ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے درمیان سامنے آئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں ٹرک، آئیل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی ہڑتال کال کے پیش نظر پٹرول اور ڈیزل کی قلت کی افواہیں گردش کر رہی ہیں اور وادی کشمیر میں لوگ پٹرول پمپس کا رخ کر رہے ہیں اور اس بیچ شہر سرینگر کے درجنوں پٹرول پمپ ایندھن سے خال ہو گئے ہیں جس سے عوام میں کافی تشویش پائی جا رہی ہے۔
پٹرول پمپس کے باہر قطاروں میں کھڑے لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں، کسی شخص کو ڈیوٹی پر جانا ہے، کسی کو مریض اسپتال پہنچانا ہے مگر گاڑیوں میں پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔‘‘ سرینگر میں خالی پڑے ایک پٹرول پمپ کے باہر ناراض ایک ڈرائیور نے میڈیا نمائندوں کو بتایا: ’’حکومت کا کوئی نام و نشان نہیں ہے، حکومت محض کاغذی گھوڑے دوڑا رہی ہے، جبکہ زمینی سطح پر حکومت کچھ نہیں کر رہی۔‘‘ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’کل شام تک پٹرول پمپ ایندھن سے بھرے ہوئے تھے تاہم آج صبح گیارہ بجے ہی پمپ خالی کیسے ہو گئے؟‘‘