جموں و کشمیر کے نو منتخب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جمعہ کو حلف اٹھانے کے چند گھنٹے بعد سرینگر میں سول سیکریٹریٹ پہنچ گئے جہاں انہیں 'گارڈ آف آنر' پیش کرنے کے بعد انہوں نے انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ پہلی میٹنگ منعقد کی۔
میٹنگ میں ایل جی کے چار مشیروں کے علاوہ تمام محکموں کے کمشنر سیکریٹریز موجود تھے جس دوران منوج سنہا نے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 'رشوت خوری کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'سول انتظامیہ جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کے پروگرام میں سرعت لاتے ہوئے یہاں عام لوگوں اور نوجوانوں کے ساتھ رابطہ بڑھانے کی مہم شروع کرے گا تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو پائے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'انتظامیہ کی جانب سے دیہی علاقوں میں عوام سے رابطہ بڑھانے میں سرعت لائی جائے گی۔'