جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چھترگام علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک نائب تحصیلدار کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں کورونا سے موت ہونے والوں کی تعداد زائد از چار سو ہوگئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے وچھی علاقے میں تعینات ایک نائب تحصیلدار کی کورونا سے بدھ کی شام یہاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں موت واقع ہوئی ہے۔
دریں اثناء ضلع مجسٹریٹ شوپیاں یاسین چوہدری نے متوفی نائب تحصلیدار کو ایک ایماندار افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم ضلع کے لئے ایک بڑے اثاثے کی حیثیت رکھتے تھے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'ہم بہت ہی دکھ کے ساتھ اپنے وچھی کے نائب تحصلیدار کی موت کی خبر شیئر کررہے ہیں جو گزشتہ شب سکمز میں کورونا کے خلاف جنگ ہار گئے۔ وہ بہت ہی شریف النفس، ایماندار اور محنتی افسر تھے اور ضلع کے لئے ایک اثاثہ تھے۔ خدا مرحوم کو جنت فردوس میں جگہ عطا فرمائیں'۔