سرینگر (جموں و کشمیر) :گزشتہ برسوں کے دوران جہاں مقامی اور ملکی سیاحوں کا وادی کشمیر کی سیر پر آنے کا رجحان بڑھ رہا ہے وہیں اب غیر ملکی سیاح بھی کشمیر کا رخ کر رہے ہیں۔ رواں برس کے ابتدائی سات ماہ کے دوران 15ہزار سے زائد سیاحوں نے یہاں کا رخ کیا ہے۔ محکمہ سیاحت کے سیکریٹری سید عابد رشید شاہ نے کہا ہے کہ ’’گزشتہ برسوں سے سیاحوں کی ریکارڈ تعداد دیکھنے کو ملی رہی ہے اور آئے روز اس میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ ایک خوش آئند رجحان ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ تمام ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کا جموں کشمیر میں ایک یاد گار قیام ہو۔‘‘
سید عابد رشید کے مطابق رواں برس اب تک تقریبا 60 لاکھ سے زائد سیاحوں نے وادی کشمیر کی سیر کی جن میں تقریباً 3 لاکھ امرناتھ یاتری بھی شامل ہیں۔ وہیں سال 2022 میں 1.88کروڑ سیاح جموں و کشمیر آئے لیکن انتظامیہ توقع کر رہی ہے کہ امسال یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کے ساتھ جموں وکشمیر میں سیاحت نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ جس سے مرکزی زیر انتظام علاقہ ملک کے سر فہرست مقامات میں سے ایک بن گیا ہے۔